افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کی دعوت پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کابل جائیں گے۔
ایک روزہ دورے کے دوران وہ افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند اور افغان عبوری نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کریں گے اور عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے وفد کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
مذاکرات میں پاک افغان تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں سلامتی' تجارت' روابط اور عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔
نائب وزیراعظم کا دورہ برادر ملک افغانستان کے ساتھ مستقل روابط میں اضافے کے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔