Saturday, 27 July 2024, 07:47:04 am
پاکستانی سفارت خانہ بشکیک میں طلباء کے مسائل حل کر رہا ہے
May 18, 2024

جمہوریہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے کہا ہے کہ پاکستان کا سفارتخانہ بشکیک میں ہجوم کی طرف سے حالیہ تشدد واقعے کے بعد پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔

انہوںنے یہ بات جمہوریہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کی موجودہ صورتحال اور پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان کی مدد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک وڈیو بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ بشکیک میں پاکستانی مشن نے اب تک ہنگامی ٹیلی فون نمبروں پر موصول ہونے والی پانچ سو سے زائد فون کالز کا جواب دیا ہے۔

سفیر نے بتایا کہ بعض مقامی انتہا پسند عناصر نے بشکیک میں بین الاقوامی طلباء کے ہاسٹلز اور نجی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا۔

کرغزستان کی حکومت کے مطابق تشدد کے واقعات میں چودہ غیر ملکی زخمی ہوئے ہیں۔

کرغز حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور چند مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

سفیر حسن ضیغم نے کرغزستان میں پاکستانی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں پر یقین کرنے سے گریز کریں۔