Wednesday, 08 May 2024, 07:50:21 am
پولیس نے زمان پارک سے 65مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے،وزیرداخلہ
March 19, 2023

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک میں رہائش گاہ سے غیر قانونی ہتھیاروں، پیٹرول بم اور دیگر شواہد کی برآمدگی سے ان کا ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کا ایجنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کو زمان پارک میں نو گو ایریا کو کلیئر کرانے کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود پولیس نے کوئی تشدد کیا اور نہ ہی گولی چلائی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس کے پاس مکمل گھر کی تلاشی کے سرچ وارنٹس تھے لیکن اس کے باوجود پولیس گھر کے اندرونی حصے میں داخل نہیں ہوئی اور صرف گھر کے باھر کے حصے میں سرچ آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے زمان پارک سے 65مشتبہ افراد کو حراست میں لیاجن کی تفتیش کے دوران جانچ پڑتال کی جائیگی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان نے مختلف مقدمات میں فرد جرم سے بچنے کیلئے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کیا ہے۔