Thursday, 02 May 2024, 09:54:28 pm
قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد سمگلنگ مہم تیزکریں، وزیراعظم
April 19, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سمگلنگ کے خلاف ملک گیر مہم کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے بارے میں آج (جمعہ) کو اسلام آباد میں اعلی سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان راہداری تجارت کے تحت اشیاء کی نگرانی کو موثر بنایا جانا چاہیے تاکہ ان کی سمگلنگ روکی جاسکے۔

انہوں نے کسٹم حکام کو ہدایت کی کہ افغان راہداری تجارت کی نگرانی کرنے والے نظام کا تیسرے فریق سے آڈٹ کرائیں۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک دوسرے سے تعاون کی ہدایت کی تاکہ سمگلنگ روکی جائے اور منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے وزارت قانون اور انصاف کو بھی ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ضروری ضابطے فوری طور پر نافذ کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ سرحدی علاقے سے سمگلنگ ختم کی جاسکے۔

وزیراعظم نے چینی کی سمگلنگ مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو سمگلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت سے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں افغان راہداری تجارت کے غیر قانونی استعمال اور سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کے بارے میں کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور ان کے سہولت کاروں کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ صوبوں کو فراہم کردیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد انسانی سمگلنگ کی قومی حکمت عملی حتمی مرحلے میں ہے اور تمام اداروں سے مشاورت کے بعد اسے منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔