Saturday, 22 February 2025, 11:17:21 am
 
وزیراعظم کی اسلام آباد میں عالمی معیارکی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب قائم کرنے کی ہدایت
February 20, 2025

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا.

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ و متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو صحت و دواسازی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں بنائی جانے والی ادویات کی ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کا نظام نفاذ کے حتمی مراحل میں ہے۔

 اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی ادوایات پالیسی پر مشاورت جاری ہے جسے جلد منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا.

اجلاس کو ادویات کی جانچ کیلئے 94 نئے ڈرگ انسپیکٹرز کی تعیناتی اور موجودہ 25 ڈرگ انسپیکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا. وزیرِ اعظم نے نئے ڈرگ انسپیکٹرز کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی.

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سے ادویات کی موجودہ برآمدات کا حجم 500 ملین ڈالر ہے جبکہ وزارت صحت اصلاحات بشمول تحقیق کی سہولیات کی فراہمی سے برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ادویات کی برآمدات میں اضافے کیلئے ڈریپ میں ایکسپورٹ ڈائریکٹریٹ کا قیام بھی حتمی مراحل میں ہے.

وزیرِ اعظم کو جراحی کے آلات کی برآمدات کے مزید فروغ کیلئے شعبے کی استعداد میں اضافے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی کیلئے وزارت صحت کی جانب سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی.