Saturday, 22 February 2025, 08:20:33 pm
 
پرچوں فروشوں پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا،وزیراعظم
February 21, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے پرچون کے کاروبار کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور اس مقصد کے لئے اپنی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آبا د میں پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ایسے پرچوں فروشوں پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا جو پہلے سے ٹیکس دائرہ کار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید پرچون فروشوں کو ٹیکس دائرہ کار میں لانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم نے مقامی صنعت پر زور دیاکہ وہ جدت اور جدید ٹیکنالوجی اپنائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو اور بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر میں اصلاحات کرنے کے علاوہ کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔

وفد کے ارکان نے معاشی استحکام کے لئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اورشرح سود میں خاطر خواہ کمی سے اشیاء کی فروخت اور پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔