نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج( پیر)کو اسلام آباد میں ایک تقریب میں زینب الرٹ، ریسپانس انیڈریکوری موبائل ایپ کا اجرا کیا۔
زارا ایپ بچوں کے لاپتہ اور اغواء ہونے سے متعلق اطلاع دینے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔
ایپ استعمال کرنے والے لوگ بچے کے لاپتہ ہونے کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ بچے کی تصویر اپ لوڈ اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کیلئے چوکس کرسکیں گے۔
ایپ ملک بھر کے تمام تھانوں سے منسلک ہے اور اس کے ذریعے تحقیقاتی عمل اور تازہ معلومات پر پیشرفت کا بھی پتہ لگایا جاسکے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یقین ظاہر کیاکہ یہ اقدام بچوں کے تحفظ کیلئے ایک ناقابل تسخیر قلعے کا کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ اور اغواء شدہ بچوں سے متعلق الرٹ کے بروقت اجراء سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی فوری بازیابی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے بچوں سے ناروا سلوک، تشدد ،بے گھر ہونے اور اغواء سمیت بچوں کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہر بچے کو نگہداشت کا بہتر ماحول، معیاری، تعلیم اور صحت تک رسائی اور صلاحیتوں سے استفادے کا موقع ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں کے حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے کنونشن کی پاسداری کے لئے اپنے عزم پر قائم ہے۔
غزہ میں بچوں کے بہیمانہ قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کا یہ وحشیانہ اور ظالمانہ قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اس مسلسل جارحیت کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔
انسانی حقوق کے وزیر خلیل جارج نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل اور اثاثہ ہیں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔