پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے دے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس ماہ کی گیارہ تاریخ کو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ایک افغان شہری بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سامبازا میں مارا گیا تھا۔
اس دہشت گرد کی شناخت محمد خان احمد خیل ولد حاجی قاسم داوران خان کے نام سے ہوئی ہے جو افغان صوبے پکتیکا کے ضلع وزیخوا کے گاؤں بلورائی کا رہائشی تھا۔
اس کی لاش گزشتہ روز ضابطے کی ضروری کارروائی کے بعد افغان عبوری حکومت کے حکام کے حوالے کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات افغان شہریوں کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہیں۔