Wednesday, 22 January 2025, 08:14:03 am
 
سکھر سے حیدرآبادموٹروے پر کام رواں سال شروع ہوجائے گا،سینیٹ کو یقین دہانی
January 21, 2025

سینیٹ کو آج(منگل کو) بتایا گیا ہے کہ سکھر سے حیدرآبادایم ۔6موٹروے منصوبے پر کام رواں سال شروع کردیا جائے گا۔

وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ اس موٹروے کو کراچی تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کی تکمیل سے معیشت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔

وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایاکہ حکومت مختلف کھیلوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار نے ایوان کو تحریری جواب میں بتایا کہ وزارت امور خارجہ غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کے لئے ایک جامع قونصلر پالیسی تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کو تشکیل دیتے ہوئے پاکستان بین الاقوامی فریم ورک کے ذریعے بیرون ملک اپنے شہریوں کا تحفظ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایک توجہ دلاؤنوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک میں چاول کے برآمدکنندگان کو تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے چاول کے برآمدکنندگان سے ملاقاتیں کر کے موقع پر ان کے مسائل حل کئے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی چاول کی برآمدات کا ہدف گزشتہ سال سے زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔

آبی وسائل کے وزیرمصدق ملک نے واضح کیا کہ چولستان نہر کا منصوبہ دریائے سندھ کی بجائے دریائے ستلج پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کو اپنی ضروریات کے مطابق پانی استعمال کرنے کا حق ہے۔

سینیٹ کا اجلاس اب جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے منعقد ہو گا۔