وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر رانا تنویر حسین نے ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعاون بڑھانے پرزور دیا ہے۔
وہ مالدیپ کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر ڈاکٹر ابراہیم حسن سے ملاقات کررہے تھے جنہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میںان سے ملاقات کی۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیا ن تعاون کی نگرانی‘ عملدرآمد اور معاونت کے لئے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے بارے میں مفاہمت کی ایک یادداشت بھی تیار کی جانی چاہیے اور اس پر جلد عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔
دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے رانا تنویر حسین کو بتایا کہ مالدیپ کے طلبا پاکستان کے میڈیکل تعلیم کے اداروں میں اپنی اعلیٰ تعلیم خصوصاً ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کررہے ہیں کیونکہ ان کے لئے یہاں سالانہ چھ سے آٹھ نشستیںمختص کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ نیشنل یونیورسٹی کو پاکستان کی اہم یونیورسٹیوں سے منسلک کر دیا گیا ہے جن میں لمز‘ نسٹ‘ بارانی زرعی یونیورسٹی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔