قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے پنجاب اور سندھ کے صوبائی اداروں کے حکام نے کل سے جمعرات تک ممکنہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں صوبوں کے مختلف شہروںمیں سیلاب کا تازہ انتباہ جاری کیا ہے۔قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے والے پنجاب کے صوبائی محکمے کے ترجمان نے کہا کہ ان شہروں میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤ الدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،
شیخوپورہ، سیالکوٹ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپور خاص، سانگھڑ، حیدر آباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، قمبر، شہدادکوٹ، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی، سکھر، ٹھٹھہ اور سجاول کے شہروںمیں طوفانی ہوائیں چلنے اور بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہروں کی انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات کے لئے پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے۔
ترجمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل درآمد کریں اور نقصانات سے بچنے کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔