Thursday, 31 October 2024, 01:07:09 am
 
ملک میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنا پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے،وزیراطلاعات
July 21, 2024

 اطلاعا ت و نشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنے پرتشدد ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے ایک پریشر گروپ کے طورپرکام کررہی ہے۔

انہو ں نے اتوار کے روز اسلام آبادمیں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنا پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے اور وہ مسلسل ملک  کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بنوں میں تحریک انصاف کی جانب سے جان بوجھ کربدامنی پیدا کرنے اور      امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہاہے جس کے نتیجے میں انہیں مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی مدت کے دوران خیبرپختونخوا میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے کاموقع دیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کو جیل میں درکار تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے لئے انتھک کوششیں کررہی ہے اور اس مقصد کے لئے اصلاحاتی عمل پہلے ہی شروع کیا جاچکاہے۔

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ دفتر خارجہ نے جرمنی کے متعلقہ حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت تمام مشکلات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کیلئے کام جاری رکھے گی۔