پاکستان نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر گزشتہ روز انتہاپسندوں کے ایک گینگ کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
دفترخارجہ نے آج (اتوار) ایک بیان میں پاکستانی سفارتخانے کے تقدس اور سلامتی کی حفاظت میں ناکامی پرجرمن حکومت سے شدید احتجاج کیا ۔بیان میں قونصلرریلیشنز 1963کے ویانا کنونشن کا تذکرہ کیاگیا ہے جس کے تحت سفارت خانوں کے تقدس کا تحفظ اورسفارت کاروں کی سلامتی یقینی بنانا میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے۔دفترخارجہ نے مزید کہاکہ گزشتہ روز کے واقعے مین فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سیکورٹی توڑی گئی جس سے قونصل خانے کے عملے کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں ۔دفترخارجہ نے جرمن حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور جرمنی میں پاکستان کے سفارتی مشن اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔