موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی معاون رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ سکردو میں کوہ پیمائی کا تربیتی سکول قائم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی کے تربیتی سکول کے قیام کے لئے وزیراعظم کی کمیٹی سے متعلق دوسرے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ سکول میں کوہ پیمائی، شیرپا تربیت اور دیرپا سیاحت کو فروغ دینے سمیت تعلیم و تربیت کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ماحول دوست کوہ پیمائی اور پہاڑوں کی سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔
موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی معاون نے کہا کہ ان سہولتوں سے ابھرتے ہوئے کوہ پیمائوں کو تعلیم و تربیت کے علاوہ مقامی ماحول،اقدار اور ثقافت سے روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔