Sunday, 28 April 2024, 04:43:56 am

مزید خبریں

 
حریت کانفرنس کا حق خودارادیت کیلئے اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان سے اظہارتشکر
March 22, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے یوم پاکستان پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ، سینئر رہنمائوں شبیر احمدشاہ اور مولوی بشیر عرفانی نے جیلوں سے اپنے الگ الگ بیانات میں پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور 23مارچ 1940کی تاریخی قرارداد سے کشمیریوںکوبھارتی تسلط سے اپنے مادروطن کی آزادی کی تحریک ملتی ہے۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔حریت قیادت نے کہا کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان انتہائی ناگزیر ہے ۔سرینگر اورمقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن پر یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے تہنیتی پیغامات درج ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں پر'' ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے'' جیسے نعرے درج تھے۔ پوسٹروں پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، لیاقت علی خان، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر بھی موجود ہیں۔