نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عمان کی کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اس حمایت کا اظہار آج(پیر) کو سلطنت عمان کے وزیرخارجہ سید بدربن حمد بن حمود البوسیدی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
دونوں رہنمائوں نے مسقط کی وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابوطالب پر دہشتگردوں کے حالیہ حملے پر تبادلہ خیال کیا اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مربوط کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سربراہوں اور وزرائے خارجہ کی سطح پر دوطرفہ دورے کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا۔
اس مقصد کیلئے باہمی طور پر موزوں تاریخوں کا تعین سفارتی ذرائع سے کیا جائیگا۔