Thursday, 31 October 2024, 01:06:53 am
 
وزیراعظم کی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے رہبر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت
July 22, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے آج(پیر) کو اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سرمایہ کاری اور وفاقی وزارتوں کی استعدادکار بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق رہبر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ادارے نے Kearney نامی ایک کمپنی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں جس کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وفاقی وزارتوں کی استعداد کار بڑھانا ہے۔

اجلاس کے دوران Kearney نے وزیراعظم کو حکومت پاکستان کے ساتھ جاری مشاورتی عمل کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا۔

فرم نے اب تک وفاقی حکومت کے پندرہ اداروں سے مشاورت کی ہے جبکہ اس مشاورتی عمل میں ستانوے ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

Kearney سرکاری اداروں کی نجکاری، سرکاری کمپنیوں کے ریگولیٹری طریقہ کار کو بہتر بنانے اور مزید سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے بھی معاونت فراہم کریگی۔