فائل فوٹو
بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے پاک فوج کے پختہ عزم کا اعادہ کیاہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہارگزشتہ منگل کوہونے والے قومی ایپکس کمیٹی کے اجلاس اور صوبائی ایپکس کے آئندہ ہونے والے اجلاس کے تناظر میں آج پشاور کے دورے کے دوران کیا۔
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم اور سیکورٹی فورسز کے اجتماعی عزم کواجاگر کرتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ ملک دشمن عناصر کے گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانا بدستور اولین ترجیح ہے۔
شہداء اور غازیوں کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے مادر وطن کے دفاع کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو اُجاگر کیا۔
بری فوج کے سربراہ نے ہر قسم کے خطرات سے موثرطورپر نمٹنے میں جوانوں کے بلند حوصلوں' پیشہ ورانہ تیاریوں اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
سید عاصم منیر کو علاقے میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی' خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور فیلڈکمانڈرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔