Tuesday, 03 December 2024, 05:32:48 pm
 
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالرسے بڑھ سکتی ہیں،وزیراعظم
November 22, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل کے بہتر استعمال اور افرادی قوت کو تربیت اور تعلیم فراہم کرکے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو پچیس ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں آئی ٹی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم، تربیت اور فنی مہارت کی فراہمی کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کرے۔

انہوں نے خلیجی ممالک میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی مانگ ہے اور اس کے حوالے سے تجاویز پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔

وزیراعظم نے آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور ہر لائحہ عمل کیلئے خصوصی ٹائم فریمز قائم کرنے کیلئے واضح اہداف مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبے میں اصلاحات نافذ کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان اشتراک کے فروغ کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا کہا۔

اجلاس میں بتایاگیا کہ آئند ہ پانچ سال کے اہداف میں آئی ٹی برآمدات سے پندرہ ارب ڈالر، ٹیلی مواصلات کی برآمدات سے ایک ارب ڈالر اور ڈیجیٹائزیشن سے دس ارب ڈالر حاصل کرنا شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ای گورننس میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی چودہ پوائنٹس سے بہتر ہوئی ہے۔ پچیس نئی آئی ٹی کمپنیاں رجسٹر ہوئی ہیں اور پاکستان کی آئی ٹی کی درجہ بندی اُنہتر سے چالیس پر پہنچ کر بہتر ہوئی ہے۔