Monday, 23 December 2024, 01:33:55 am
 
دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، آرمی چیف
December 22, 2024

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کا یہ عزم دہرایا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف اس وقت تک کارروائی جاری رہے گی جب تک اس کے ساتھ اس کے سہولت کاروں، ساتھیوں اور سرمایہ فراہم کرنے والوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے یہ بات جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کے دورے کے موقعے پر افسروں اور جوانوں سے گفتگو میں کہی۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ عناصر ملک کے خلاف جن گھناونی سرگرمیوں میں مصروف ہیں انہیں اس کی قیمت چکانا ہوگی۔

اس دورے میں انہیں سلامتی کی موجودہ صورتحال اورانسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے غیر متزلزل حوصلے اورعزم واستقلال کی تعریف کی اور کہا کہ قوم کو آپ کی قربانیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی فوج قوم کی بھرپور حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔