Saturday, 27 July 2024, 08:44:39 am
یو اے ای کا10ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان حکومت پراعتماد کا ثبوت ہے،تارڑ
May 24, 2024

اطلاعات و نشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اعلان کردہ دس ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پیکج معیشت کی بحالی میں حکومت کی کوششوں پر عالمی رہنماؤں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری پیکج حاصل کرنا حکومت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے مشترکہ انتھک کوششوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایاعطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کو خط لکھنے والے اور پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے والے ایسے وقت میں اب خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر حملے کر رہے ہیں جب سرمایہ کاروں اور دوست ملکوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر منظم مہم چلا رہے ہیں جس میں حکومت، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور مسلح افواج کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل پاکستانی معیشت کی بقا ہے اور کسی کو اسے نقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرمایہ کاروںکو سازگار ماحول فراہم کرتے ہوئے غیرملکی سرمایہ کاری کو یقینی بنا رہی ہے۔