وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تمام پاکستانیوں اورعالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے اپنے عزم کی توثیق کریں۔
انہوں نے آج پہلا بین الاقوامی یوم مارخور منائے جانے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ مارخور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اور ماحولیاتی توازن برقراررکھنے کیلئے ہمارے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے آج یہ دن منانے کا اعلان جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کا اعتراف ہے ۔شہبازشریف نے کہا کہ پچھلے دس سال میں مارخور کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل کوششوں کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ جنگلی حیات اور نباتات کے ایکٹ 2012 کے تحت پاکستان تجارتی کنٹرول ایسی خصوصی قانون سازی ہے جو تجارتی طرز عمل اور معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں کی بہبود کی ذمہ داری سے متعلق ہمارے عزم کی توثیق کرتی ہے۔