پاکستان اور خلیج تعاون کونسل نے ایک جامع شراکت داری پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد دو طرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینا ہے۔یہ اتفاق رائے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر ہوا۔وزیر خارجہ نے فریقین کے درمیان سٹریٹیجک مذاکرات کے جائنٹ ایکشن پلان کی روشنی میں خلیج تعاون کونسل اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ اداروں کی سطح پر روابط قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال مارچ میں ہونے والے سیاسی مذاکرات کی روشنی میں اسلام آباد میں جی سی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔