اقوام متحدہ نے بھارت پرزوردیاہے کہ وہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے کشمیری کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون فوری طورپرختم کرے۔انسانی حقوق کے کارکنوں کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ Mary-Lawlor نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکام کشمیری سول سوسائٹی پراپنے دیرینہ مظالم میں شدت لارہے ہیں۔ان کایہ بیان انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن خرم پرویزکی دہشتگردی کے الزامات کے تحت دوسری مرتبہ مقدمے میں گرفتاری کے بعدسامنے آیا۔Mary-Lawlor نے کہاکہ بھارت کوانسانی حقوق کے احترام کی اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہیے جواِن خلاف ورزیوں پرجوابدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کااتحادانسانی حقوق کی نگرانی کااہم کام سرانجام دے رہاہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پراس کی تحقیق اورتجزیہ گراں قدراہمیت کاحامل ہے اورعالمی تنظیموں کوچاہیے کہ وہ ذمہ داروں کی جوابدہی یقینی بنائیں تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کااعادہ نہ ہو۔Mary-Lawlor نے گرفتارکشمیری کارکنوں کی رہائی اوران کے خلاف تحقیقات ختم کرنے کامطالبہ کیا۔