Sunday, 06 October 2024, 11:38:01 am
 
قوم توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کوکبھی نہیں بھولے گی، آرمی چیف
May 25, 2023

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کبھی بھی شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور اُن کے وقار کو نقصان پہنچانے والوں کو نہ کبھی معاف کرے گی اور نہ ہی انہیں بھولے گی۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے آج (جمعرات)اسلام آباد میں پولیس لائنز اسلام آباد کے دورے کے موقع پر پولیس افسران، جوانوں اور پولیس شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فوج کے سربراہ نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور دفاعی لائن ہیں جو ملک و قوم کے وقار کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔سید عاصم منیر نے شہداء کے خاندانوں کو پیغام پہنچایا کہ آج کے دن پاکستان کے عوام اور پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔اِس سے قبل پولیس لائنز آمد پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے بری فوج کے سربراہ کا استقبال کیا۔