Wednesday, 15 January 2025, 05:40:27 pm
 
ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،وزیراعظم
May 25, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ملک میں تبدیل کرنے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔

انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام اہداف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اور سیاسی اور فوجی قیادت متحد ہیں اور وہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ساتھ دے رہی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے کئے گئے حالیہ اعلانات سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ان وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ وقت کے ساتھ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کارکردگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی حیران کن کارکردگی نے اس کے ناقدین کو خاموش کرا دیا ہے۔انہوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دوروں پر روشنی ڈالی جن کے باعث پاکستان کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کیلئے جرمنی کے سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔شہباز شریف نے زرعی پیداوار کو دوگنا کرنے کیلئے انتھک کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے کثیر مواقع کی فراہمی کی اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔