Friday, 18 October 2024, 07:52:23 am
 
عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے فوری مداخلت کرے، حریت کانفرنس
July 25, 2024

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے فوری مداخلت کرے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے کشمیری عوام کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر قیادت بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی۔

ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر سے باہر ایک ہزار کلو میٹر سے زیادہ کی دُوری پر بھارتی جیلوں پرغیر قانونی طور پر قید کشمیریوں کو اپنے اہل خانہ سے فون پر رابطہ کی اجازت نہیں ہے اور وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس پابندی کے اطلاق کے بارے میں زبانی طور پر کشمیری قیدیوں کو بتایا گیا جس سے اُن کے اہل خانہ پریشان اور رابطہ کرنے سے قاصر ہیں۔

ادھر تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری دہلی کی شدید گرمی میں انتہائی اذیت کا شکار ہیں اور جیل میں پنکھے نہ ہونے کے سبب بیمار ہو گئے ہیں۔ یہ قیدی زیادہ تر اپنی سیاسی عقائد کے سبب دہلی کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی عدالت میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

بھارتی فوج نے ضلع کھٹوعہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔