Saturday, 27 July 2024, 09:14:54 am
آذربائیجان کا ریلوے اور سڑک کے ذریعے دونوں ملکوں کو منسلک کرنے کی خواہش کا اظہار
September 25, 2023

اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر Khazar Farhadov نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلق ہر لحاظ سے مثالی ہے۔

انہوں نے یہ بات ریلوے اور سمندری امور کے بارے میں نگرانی وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ کے ساتھ آج اسلام آباد میں ایک ملاقات میں کہی۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کے بعد ہم دونوں ملکوں کو ریلوے اور سڑک کے ذریعے ملانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے نجی شعبے کو دعوت دی جانی چاہیے۔

Khazar Farhadov نے کہا کہ پاکستانی منڈی کو آذربائیجان کے ذریعے یورپ اور روس تک رسائی دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر ریلوے کے وزیر نے کہا کہ چیئرمین ریلوے کو آذربائیجان کے ساتھ ریلوے لائن منسلک کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے اچھے تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان راہداری تجارت معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔