وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے ثقافت اور ابلاغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز سعودی عرب کے سفیر نواف بند سعید المالکی سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی ایک مفاہمتی یاداشت پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔سفیر نے سعودی ذرائع ابلاغ کے وزیر ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصابی کی جانب سے چوہدری فواد حسین کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مذہب ثقافت روایات اور اقدار کی بنیاد پر گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ ان اقدار میں ابلاغ پر مبنی تعلقات کو بھی شامل کریں گے۔