بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی ترقی کو پٹڑی سے اتارنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیںکی جائے گی۔
آج سرسبز پاکستان اقدام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف پوری قوم ایک ٹیم کی طرح متحد ہے اور یہ عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا پر بدنام کرنے والی مہم ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے سے نہیں روک سکتی۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر مکمل خودمختاری اور خودانحصاری کا حصول ناممکن ہے انہوں نے متحد ہوکر منفی قوتوں کو مسترد کرنے اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کی جانب سفر پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔