Tuesday, 07 May 2024, 02:57:44 pm
وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کےخصوصی سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے
April 26, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی تعاون ترقی اور توانائی کے بارے میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو اتوار سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دورے میں وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اس اعلیٰ سطح کی شرکت سے علاقائی تعاون کے علاوہ ترقی اور توانائی کے استعمال میں توازن سے متعلق پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔وزیراعظم اگلے ماہ کی چار تاریخ کو گیمبیا کے شہرBANJUL کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم کے پندرہویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریںگے۔ اس اجلاس کا موضوع پائیدار ترقی کے لئے اتحاد و یکجہتی کا فروغ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم غزہ میں نسل کشی پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کریں گے اور ان کے حق خودارادیت اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیں گے۔اس کے علاوہ وہ اسلامو فوبیا، دہشت گردی اور امت مسلمہ کو درپیش مشکلات پر گفتگو کریںگے۔