وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے حکومت پاک فضائیہ کو جدید فورس بنانے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ائیر ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران بدلتی ہوئی جغرافیائی تزویراتی اور سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاک فضائیہ کی پیش ورانہ صلاحیتوںکو سراہا اور دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ کے تربیتی کورسز میں جدت لانے پر بھی پی اے ایف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے وزیر خارجہ کو پی اے ایف کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں ہوا بازی کی صنعت کی ترقی اور اسے جدید بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔