Friday, 18 October 2024, 07:47:39 am
 
جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر نے مسئلہ کشمیر کوزندہ رکھنے کے لئے تاریخی کردارادا کیا ہے:غلام محمد صفی
July 26, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس (آزاد کشمیر شاخ) کے کنوینر غلام محمد صفی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی سے وابستہ ھزاروں افراد نے جام شھادت نوش کرتے ہوئے شمع آزادی کو فروزاں رکھا جس کے نتیجے میں جماعت بھارتی استبداد کا نشانہ بنی۔ اب اطلاعات کے مطابق گن پوائنٹ پر جماعت کے محبوس قائدین کو تاریخی موقف تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے جو انتہائی تشویشناک اور قابل افسوس ہے۔ انہوں نے زعما جماعت سے اپیل کی کہ کوئی ایسا فیصلہ نہ کریں جسکے نتیجے میں جماعت کی ساکھ متاثر ہو، اندرونی انتشار بڑھے یا مودی حکومت کے اگست 2019 کے آئینی دہشت گردی کے اقدامات کو جواز فراہم ہو اور کشمیر کی مظلوم مگر پرعزم ملت کو مایوسی کا پیغام پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ پرعزم تحریکیں اور اقوام غیر ملکی استعماری تسلط سے نجات حاصل کرکے رہتی ہیں۔ حال ہی میں افغانستان اور فلسطین نے اس تاریخی حقیقت کو پھر زندہ کیا ہے کہ اسلحہ کی طاقت نہیں، ایمانی قوت ہی فتح مند ہوتی ہے۔ غزہ اور فلسطین میں نامساعد حالات کے باوجود مجاہدین کی استقامت اور قربانیوں کے نتیجے میں اسرائیلی استعمار اخلاقی اور سفارتی محاذ پر شکست کھا چکا ہے۔ اس لئے مقبوضہ ریاست میں بھی بھارتی استعمار کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ اس موقع پر اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ ہی بھارت کو پسپائی پر مجبور کر سکتاہے اور ہماری معمولی کوتاہی بھارتی قبضہ کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اقدامات کے تدارک کے لئے حکومت پاکستان کسی کمزوری کے بغیر کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی بھر پور پشتیبانی کرے اور عالمی برادری کو کشمیر میں ہر سطح پر جاری جدوجہد کے جواز پر مطمئن کرے تاکہ مزاحمتی حلقوں میں مایوسی اور بداعتمادی کا خاتمہ ہو اور بھارت کو اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کاموقع نہ ملے۔