ثقافت اور قومی ورثے کے نگران وزیر جمال شاہ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر ترقی یافتہ دنیا کے بے رحمانہ استحصال کی دو واضح مثالیں ہیں۔دوحہ میں اسلامی ملکوں کی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی تنظیم کی 12 ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے ہنرمندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اُن کے فنون اور دستکاریوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔نگران وزیر نے تنظیم کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دستکاروں، موسیقاروں، مصنفین اور فلم سازوں کیلئے اسلامی ممالک میں خصوصی مواقع پیدا کریں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ رکن ممالک کا ایک ثقافتی کارواں تیار کیا جائے جو تمام رکن ممالک کا دورہ کرے۔نگران وزیر نے ہر رکن ملک کے دارالحکومت میں اسلامی ثقافتی یادگاریں تعمیر کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔