صدرآصف علی زرداری نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کو حالیہ چیلنجز سے نکالنے کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن سے رہنمائی حاصل کریں۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ متحد ہو کر کام کریں تاکہ ان کا پرامن، خوشحال اور جمہوری پاکستان کا خواب شرمندئہ
تعبیر ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہم ایک ایسی رہنما کے اعزاز میں مناتے ہیںجنہوں نے جمہوریت اور انصاف کے نظریات کے لئے امید، بہادری اور غیرمتزلزل عزم کا جذبہ دکھایا۔
صدر نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پہلی شخصیت تھیں جنہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھاجہاں رنگ، نسل، عہدے سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کو تحفظ حاصل ہو۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا تصور کیا جہاں ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے جہاں خواتین برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں اور جہاں انصاف، استحقاق نہیں بلکہ حق ہو۔
آصف علی زرداری نے ان کے پرامن، خوشحال اور جمہوری پاکستان کے وژن کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔