وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سیاسی استحکام کے لئے تحریک انصاف کے ساتھ خلوص نیت سے مذاکرات کررہی ہے۔
ہفتہ کے روز گوجرانوالہ میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت گزشتہ چند ماہ کے دوران سخت محنت کے بعد حاصل ہونے والے معاشی استحکام کو برقرار رکھناچاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے سیاسی استحکام ناگزیرہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک کی معاشی کامیابیاں واضح ہیں اور سیاسی مخالفین کی جانب سے ہر سطح پر ان کا اعتراف کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ نومئی جیسے پرتشدد واقعات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور جو بھی تشدد کا مرتکب ہوگا اسے قانون کا سامناکرنا پڑے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نو مئی سے متعلق واقعات میں اب تک جن افراد کو سزا سنائی گئی ہے ان کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر کہاکہ ان کامنصفانہ ٹرائل کا حق یقینی بنایا گیاہے۔