Wednesday, 01 January 2025, 10:30:53 pm
 
حکومتی توجہ استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے،وزیراطلاعات
December 29, 2024

 وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے اور اب حکومت ملک کو مستحکم کرنے اور اس کی ترقی یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی بصیرت افروز قیادت میں ملک کے تمام چھوٹے اقتصادی اشاریوں میں بہتری آ رہی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو پی ٹی آئی کی گزشتہ گیارہ سال کی مسلسل حکمرانی کے باوجودایک سو باون ارب روپے کے مالی خسارے کا سامنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت مشتبہ اخراجات پراکاون ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد پراپیگنڈے کیلئے جعلی کمپنیوں کو اربوں روپے ادا کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سالانہ قرضوں کی ادائیگی کی مد میں تین سوپچپن ارب روپے درکار ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بدعنوانی اور مالی بدانتظامی کے سواکچھ بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنا صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔