پیٹرولیم کے وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے قومی مسائل کے حل کے لئے تعمیری بات چیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے آج لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ایجنڈے میں جرائم کے وہ کیس شامل نہیں ہوں گے جن میں پی ٹی آئی کی قیادت ملوث ہے۔
مصدق ملک نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات مجرمانہ نوعیت کے ہیں۔
انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے مطابق ریاستی وسائل کا غلط استعمال کیا گیا اور ٹرسٹ کی آڑ میں چار سو کنال اراضی حاصل کی گئی۔
انہوں نے نو مئی کے واقعات کے بارے میں کہا کہ چاہے وہ کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ ہو یا ملٹری ہاؤس یا شہداء کی یادگاروں پر حملے،ایسے جرائم میں ملوث عناصر سے مذاکرات کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے مقدمات شواہد کی بنیاد پر چلائے جائیںگے۔
اس سے پہلے وزیرپیٹرولیم نے آج لاہور میں اکیسویں بین الاقوامی فارمیسی کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوا سازی کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے اور اسے مزید شفاف بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔