وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے یقین ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں جلد موجودہ اقتصادی بحران سے باہر آجائے گا ۔
انہوں نے یہ بات لاہور اور فیصل آباد کے ایوان صنعت وتجارت کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج(منگل) شام اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرقیادت اتحادی حکومت کی جانفشانی سے کی گئی کوششوں کے نتیجے میں معاشی تنزلی رک چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے ہرایک کو اپنے حصے کی کوششیں کرنا ہوںگی۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن بجٹ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ تاجر برادری کو مزید بوجھ سے بچانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ اتحادی حکومت نے پاکستان کے بین الاقوامی وعدوں کوپورا کرنے کیلئے سخت فیصلے کیے اور ملک کی حکومت کی طرف سے کیئے گئے وعدوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا۔