Wednesday, 08 May 2024, 04:54:17 am
ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے اصلاحات کی جارہی ہیں،وزیراعظم
July 30, 2021

ملک کے تمام بڑے ایوان ہائے صنعت و تجارت نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور کاروبار میں آسانی کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اس اطمینان کا اظہار اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان اور تمام اہم ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔حکومت اور کاروباری برادری نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لئے باہمی مشاورت سے ایک حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ملک میں معاشی ترقی کے لئے صنعتی ترقی پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے صنعتوں کو مراعات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں اور تمام فریقوں کے ساتھ مشاورت سے اس عمل کو تیز کیا جائے گا۔وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل اور تجاویز سننے کے لئے باقاعدگی سے ان کے ساتھ ملاقات کریں۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجربرادری کو سہولتیں فراہم کرنے کے بعد اب حکومت باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔