وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں سیکورٹی صورتحال کو تیزی سے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہا انسانی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا۔
جرمنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان‘ پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا افغانستان کی تاریخ کے نازک موڑ پر عالمی برادری کو افغان عوام کی مدد اور ان سے یکجہتی کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔عمران خان نے کہا پاکستان اور جرمنی کو علاقائی امن اور استحکام جیسے مشترکہ مفادات کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے جرمنی کی چانسلر مرکل کا تہنیتی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔اس موقع پر انہوں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر جرمنی کا نقطہ نظر پیش کیا۔انہوں نے افغانستان سے جرمنی شہریوں کے انخلاء کے لئے سہولیات کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ ماس نے پاک جرمنی تعلقات کی سترہویں سالگرہ پر تقریبات کابھی ذکر کیا۔دونوں ممالک اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر متعدد تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں۔