Saturday, 19 April 2025, 06:15:32 am
 
وزیراعظم کی چھٹی جماعت سے آئی ٹی کو بطور لازمی مضمون شامل کرنےکی ہدایت
April 16, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں چھٹی جماعت سے بڑی جماعتوں میں آئی ٹی کو بطور لازمی مضمون شامل کرنے کیلئے فوری طور پر حکمت عملی بنائی جائے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے ایک جائزہ اجلاس کی اسلام آباد میں صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینا اور اس کی برآمدات میں اضافہ کرنا حکومت کی اعلیٰ ترجیحات ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کی یکساں اور معیاری تعلیم اور سکول، کالجوں اور یونیورسٹی کی سطح پر تربیت کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں سکولوں، کالجوں اور تحقیقی اداروں میں آئی ٹی کی تربیت کے پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ HUAWEI کے تعاون سے ایک لاکھ پینتالیس ہزار طلبہ کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تیرہ سو لیبارٹریز کو جدید بنایا جائے گا۔