Thursday, 16 May 2024, 12:41:35 am
وزیراعظم کا مزدوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار
May 01, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے محنت کشوں کی فلاح وبہبود اور خوشحالی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات محنت کشوں کے عالمی دن کے سلسلے میں لاہور میں مزدوروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پالیسیاں بناتے وقت اپنے کارکنوں کی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ ملک محنت کشوں کی خوشحالی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کی سخت محنت کی معترف ہے اور ان کی فلاح وبہبود اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

شہبازشریف نے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر قیادت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنے کی خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار اور تاجروں کے وفود جلد پاکستان کا دورہ کریںگے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

انہوں نے محنت کشوں کے اہلخانہ کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے محنت کشوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی فلاح وبہبود، ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریگی۔