Friday, 17 May 2024, 02:54:00 pm
وزیراعظم نے درآمد کی گئی گندم سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی
May 02, 2024

فائل فوٹو

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے گزشتہ برس گندم کی درآمد کے حوالے سے وزارت قومی غذائی تحفظ سے استفسارکیاکہ گزشتہ برس گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود گندم کی درآمد کا فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر لیا گیا۔

وزیراعظم نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

سیکرٹری کابینہ ڈویژن انکوائری کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی دیر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ جلد پہنچایا جائے۔