Saturday, 18 May 2024, 09:19:23 pm
پاکستان خطے کا اگلا ٹیک حب بننے کی جانب رواں دواں ہے،مسعودخان
May 05, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی طور کم نہیں سمجھنا چاہیے اس کا مستقبل روشن ہے اور ہم خطے کا اگلا ٹیک حب بننے کی جانب رواں دواں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مسعود خان نے امریکی کاروباری رہنماؤں، کاروباری شخصیات، بینکرز اور لاس اینجلس کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں ہماری ٹیک انڈسٹری میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے، ہماری معیشت کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور ہم نے نہ صرف  کاروبار کو آسان بنانے بلکہ انہیں بہت زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے اصلاحات کا ایک جامع سلسلہ شروع کیا ہے۔

مسعود خان نے مزید کہا کہ ہم اپنے قومی عزم ، پاکستانی تارکین وطن کی مدد اور امریکہ جیسے دوستوں کی حمایت سے معاشی طور پر کامیاب ہوں گے۔

صدر لاس اینجلس ایریا چیمبرز  ماریہ ایس سیلیناس سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں تقریباً اسی امریکی کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں ان میں زیادہ تر فارچیون 500 میں شامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔ایل اے ایریا چیمبر کیلیفورنیا کا سب سے بڑا چیمبر آف کامرس ہے۔ چیمبر 136 سالوں سے کاروباری

برادری کی سربراہی کر رہا ہے اور 35 شعبوں میں 1400 سے زائد کمپنیاں اس کی ممبر ہیں۔

پاکستان میں اربوں کی خلیجی سرمایہ کاری پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکی تاجر برادری کو خلیجی ممالک کے ساتھ ہاتھ ملانے اور پاکستانی معیشت میں موجود مواقع سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کے لیے سہ فریقی شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی۔

صدر ایل اے ایریا چیمبرز آف کامرس کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے اور امریکی کاروباری رہنمائوں اور وفود کو پاکستان کا دورہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ ان کے پاکستان دورے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

سفیر پاکستان نے لاس اینجلس اور کراچی کے درمیان سسٹر سٹی پارٹنرشپ کی تجویز بھی پیش کی تاکہ معاشی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کیا جا سکے۔

لاس اینجلس میں 150,000 پاکستانی امریکن کمیونٹی کی موجودگی کو اجاگر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ دو طرفہ تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں ۔

پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کے چئیرمین وقار علی خان کی قیادت میں چیمبر اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے میڈیکل ٹرانسکرپشن اور بلنگ، تشخیص، فن ٹیک، ہیلتھ ٹیک، اور ٹیلی میڈیسن ، مہمان نوازی، ہوٹل، ہسپتالوں، ٹیلی فون سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ10 لاکھ پاکستانی امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے پاکستان میں مختلف کاروباروں اور شعبوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور مزید تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔

 امریکی کاروباری  رہنمائوں، کاروباری شخصیات، بینکرز، پیشہ ور افراد اور حکام کے ساتھ بات چیت کے دوران مسعود خان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیادیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی اور انسداد دہشت گردی میں جاری تعاون کے علاوہ اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہم امریکہ کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید اور سبز توانائی، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں ڈائیلاگ کر رہے ہیں اور یہ ہمارے ترجیحی شعبے ہیں ۔

مسعود خان نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے حامی ہیں اور نئی حکومت معاشی اصلاحاتی پیکج پر عمل پیرا ہے۔

کاروباری برادری کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں سفیر پاکستان نے ایس آئی ایف سی کے کردار کو اجاگر کیا کہ کونسل کس طرح سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کو ترجیحی شعبوں کا درجہ دیا ہے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔