Sunday, 19 May 2024, 11:29:37 am
سعودی تجارتی وفد کے دورہ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے،جام کمال
May 06, 2024

وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد کے تین روزہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

پچاس رکنی سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفد پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کے مواقع کی نشاندہی میں مدد دے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تجارت نے متعلقہ شعبوں کی متعدد پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے جو سعودی کمپنیوں کے نمائندوں سے تجارتی امور پر ملاقاتیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتوںمیں زراعت کان کنی انسانی وسائل توانائی کیمیکلز اور سمندری امور کے شعبوں پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔

جام کمال خان نے کہا کہ ریفائنری انفارمیشن ٹیکنالوجی مذہبی سیاحت ٹیلی کام شہری ہوا بازی تعمیرات پانی اور بجلی کی پیداوار جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔