Sunday, 19 May 2024, 05:03:42 pm
وزیراعظم کا اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
May 07, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ اٹلی کی سفیرMarilina Armellin سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے خیر سگالی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستا ن کئی دہائیوں پر محیط اٹلی کے ساتھ اپنے کثیر جہتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتاہے جو خیرسگالی اورباہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ دونوں ممالک متعدد اہم علاقائی اورعالمی امورپریکساں موقف رکھتے ہیں۔اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے وزیراعظم نے اٹلی کی وزیراعظم جارجیامیلونی کو پاکستان کے سرکاری دورہ کی دعوت دی۔انہوں نے وزیراعظم میلونی کی داخلی وخارجی ملک پالیسیوں کی تعریف کی جنہوں نے اٹلی کو یورپی یونین کاایک اہم رکن ملک بنادیا ہے۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں خصوصی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، مائیگریشن کے شعبوں میں تعاون اور ثقافتی وفود کے تبادلوں میں اضافے پر زور دیا۔اطالوی سفیر نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم تعلقات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھیں گی۔