Sunday, 19 May 2024, 05:53:52 pm
وزیراعظم کی جاپانی کمپنیوں کو گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت
May 07, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کی آٹوموبیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیت سے استفادہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے یہ دعوت آج(منگل) اسلام آباد میں جاپان کے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران دی۔

وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی عشروں پر محیط تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنے کاروبار کو توسیع دینے والے جاپانی صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کئے جائیںگے جس کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اس موقع پر جاپانی وفد نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری پر مبنی سوچ اور اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر Wada Mitsuhiro نے جو وفد کے ہمراہ تھے وزیراعظم کو بتایا کہ جاپان کی 20 ممتاز کمپنیوں کا ایک وفد اس سال جولائی سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔