Sunday, 19 May 2024, 06:08:10 pm
بجلی کے زائد بلوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیرداخلہ
May 07, 2024

وزیر داخلہ محسن نقوی نے زائد بلوں کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کا اعادہ کیاہے۔

آج لاہور میں ایف آئی اے زونل آفس میں ایک جائزہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے انہوں نے زائد بلوں اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بلا امتیاز کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ زائد بلوں کے ذریعے شہریوں پر بوجھ ڈالنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے شہریوں کی خدمت میں غفلت اور ناکامی ہرگز قابل قبول نہ ہوگی۔

محسن نقوی نے حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ زائد بلوں کے معاملے میں بجلی کے صارفین کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔