Monday, 07 September 2026, 02:44:59 pm
 
مودی سرکار کا معاشی ترقی کا ڈھونگ، اعدادوشمار میں جعلسازی بے نقاب
September 07, 2026

بھارتی حکومت کے معاشی اعدادوشمار اور جی ڈی پی کی شرح نمو پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، سابق بھارتی اقتصادی حکام اور ماہرین نے سرکاری اعدادوشمار کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

سابق بھارتی فنانس سیکرٹری سبھاش چندرا گرگ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی جی ڈی پی کے تخمینے میں تبدیلی کے باعث رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی شرح نمو زیادہ دکھائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اعدادوشمار میں تبدیلی کے نتیجے میں گزشتہ سال کی جی ڈی پی کم ظاہر ہوئی، جس کے باعث رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی شرح نمو 10.3 فیصد دکھائی گئی۔

سبھاش چندرا گرگ کے مطابق اگر گزشتہ مالی سال کی جی ڈی پی میں یہ تبدیلی نہ کی جاتی تو موجودہ قیمتوں پر پہلی سہ ماہی کی شرح نمو صرف 2.6 فیصد بنتی۔

بھارتی ریزرو بینک کے سابق گورنر رگھورام راجن نے بھی سرکاری شرح نمو کے اعدادوشمار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی معیشت واقعی اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے تو اس کے اثرات روزگار اور سرمایہ کاری میں کیوں نظر نہیں آ رہے۔

رائٹرز کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے سات اعشاریہ آٹھ فیصد کی شرح نمو کے دعوے کو اعدادوشمار میں مبینہ ہیرا پھیری قرار دیا ہے۔

کانگریس رہنما سپریا شرینتے نے دعوی کیا ہے کہ مودی حکومت کے دور میں روزگار کے مواقع میں کمی، غیر ملکی سرمایہ کاری میں منفی رجحان اور تجارتی خسارے نے بھارتی معیشت کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔